بنگلورو16؍جولائی(ایس او نیوز) شہر بھر میں گندگی کی نکاسی کے کام میں لاپرواہی برتنے والے کنٹراکٹروں پر سخت کارروائی کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے میئر منجوناتھ ریڈی نے آج ڈملور فلائی اوور پر گندگی کی صفائی نہ کرنے والے کنٹراکٹر پر 50 ہزار روپیوں کا جرمانہ عائد کیا اور فلائی اوور کے نیچے صفائی کے اہتمام میں ناکام کنٹراکٹر کے خلاف سخت کارروائی کی تنبیہہ کی ۔ آج انہوں نے ڈملور ، مڑیوال اور آس پاس کے علاقوں میں صفائی کاجائزہ لیتے ہوئے ناقص انتظامات پر افسران اور کنٹراکٹروں کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہاکہ شہر کے کسی بھی علاقہ میں گندگی کو یونہی چھوڑ دیا گیا تو اسے برداشت نہیں کیاجائے گا۔شہر میں جہاں بھی گندگی اور سڑکوں پر گڈھے دیکھے جائیں گے، اس کیلئے ذمہ دار کنٹراکٹروں پر سخت کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے مڑیوال انڈر پاس کا جائزہ لیتے ہوئے وہاں بارش کا پانی جمع ہوجانے کی شکایت پر انجینئر اور کنٹراکٹروں کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ فوری طور پر یہاں پانی جانے کا انتظام نہ کیا گیا تو کنٹراکٹر کے خلاف کارروائی ناگزیر ہوجائے گی۔مارتہلی انڈر پاس کے قریب گندگی کے ڈھیروں اور بارش کا پانی رکے رہنے پر انجینئروں کوآڑے ہاتھوں لیتے ہوئے میئر نے عوام کی شکایت پر ان افسران کو متنبہ کیا کہ اس طرح کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ لوگوں نے بتایاکہ یہاں ہر بار بارش کے موسم میں کافی دنوں تک پانی جمع رہتا ہے، گاڑیوں کے آنے جانے میں بھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔افسران کی طرف سے اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا جارہاہے۔اس پر تبصرہ کرتے ہوئے منجوناتھ ریڈی نے انجینئروں کو ہدایت دی کہ یہاں سے پانی کی نکاسی کیلئے متبادل انتظامات کے امکانات تلاش کئے جائیں۔ رچمنڈ روڈ فلائی اوور پر جابجا گڈھوں کو دیکھ کر میئر نے اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سخت ہدایت دی کہ فوری طور پر ان گڈھوں کو بند کرنے کیلئے انتظامات کئے جائیں ۔ میئر نے کہاکہ ایک بار پھر وہ ان علاقوں کا دورہ کریں گے، اگر سڑکوں پر گڈھے اور گندگی کے ڈھیر پائے گئے تو خاطیوں پر سخت کارروائی کی جائے گی۔